حکومت پنجاب پر کورونا وائرس کے متعلق حقائق مسخ کرنے کا الزام


لاہور: گرینڈ ہیلتھ الائنس(جی ایچ اے) پنجاب نے حکومت پنجاب پر کورونا وائرس کے متعلق حقائق کو بری طرح مسخ کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔

جی ایچ اے کے مطابق صوبائی حکومت کے انتظامات انتہائی ناکافی ہیں اور گزشتہ روز پنجاب میں صرف 1500ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

وینٹی لیٹرز کی شدید کمی اور آئی سی یو اسٹاف اسپتالوں میں موجود نہیں، وینٹی لیٹرز پر جانے والے مریضوں میں شرح اموات 98 فیصد ہے۔

جی ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی بار بار یاد دہانی کے باوجود وینٹی لیٹرز ز مہیا نہیں کر سکی۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ مئی اور جون میں حکومتی نا اہلی کی سزا عوام اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد5730 ہوگئی ہے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق 768 زائرین سنٹرز، 1925 رائیونڈ تبلیغی مرکز سے منسلک افراد، 86 قیدیوں اور 2951 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک کل 95 اموات ہوچکی ہیں اور 1380 افراد صحت یاب ہیں جبکہ 22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پنجاب میں مجموعی طور پر75229 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

کیمپ جیل لاہور میں 59، سیالکوٹ 3، گوجرانوالہ 7، ڈی جی خان 9،جہلم میں 3، بھکر 2، فیصل آباد، قصور اور حافظ آباد میں ایک ایک قیدی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں