کراچی: کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں 5 بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے پانچوں بچے زیر تعمیر عمارت کے لیے کھودے گئے گڑھے میں نہا رہے تھے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 2 بھائی بھی شامل ہیں۔
جاں بحق ہونے والے تمام بچوں کی لاشیں گڑھے سے نکالنے کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ بچوں کی عمریں 9 سے 14 سال کے درمیان تھیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ زیر تعمیر عمارت کے مالک کی تلاش جاری ہے۔ حفاظتی انتظامات نہ کرنے پر مالک کے خلاف قانون کارروائی کی جائے گی۔
کچھ عرصے قبل کراچی کے علاقے سبزی منڈی کے قریب کھیل کود کے دوران جوہڑ میں ڈوب کر تین کمسن بھائی جاں بحق ہو گئے تھے۔
اہل علاقہ کے مطابق سبزی منڈی کے قریب سپر ہائی وے سے ملحقہ گل حسن بروہی گوٹھ میں چار بھائی کھیل کود میں مشغول تھے کہ اچانک غائب ہو گئے۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ نجانے کس وقت وہ قریب واقع جوہڑ کے قریب چلے گئے۔ کوئی ایک ڈوبا تو اسے بچانے میں چاروں اندر گر گئے۔ علاقے مکین پہنچے تو رضا کاروں کو بھی بلایا گیا۔
دو بچوں کی لاشیں اور دو کو بے ہوشی کی حالت میں جوہڑ سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تیسرا بھی دم توڑ گیا۔ چوتھے کو طبی امداد فراہم کی گئی۔