سندھ میں کوروناکے320نئے کیسز،مجموعی تعداد 3373 ہوگئی

کورونا وائرس، صدی کی خطرناک ترین وبا کا ایک سال مکمل

فوٹو: فائل


کراچی: سندھ میں کورونا کے320نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور مجموعی تعداد3373  تک پہنچ گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ آج سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں اور کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

مرادعلی شاہ نے کوروناوائرس کے پھیلاؤ پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی چھتری کو ہر صورت سنبھالنا ہوگا۔

کیسز میں سے 12 کیسز تبلیغی جماعت کے باقی 308 مقامی ٹرانسمیشن کے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وائرس کی مقامی منتقلی 15.2 فیصد ہوگئی ہے اب ہم سب کو اپنی آنکھیں کھولنی ہوگی۔

کراچی کے ضلع جنوبی میں کورونا کے مزید 79 کیسز کے اضافے کے ساتھ کُل تعداد 578 ہوگئے ہے۔ ضلع شرقی میں 468 کیسز ہیں جن میں 20 تبلیغی جماعت کے ہیں۔

ضلع شرقی میں نئے 42 کیسز سامنے آئے ہیں، ضلع میں مقامی منتقلی کے 448 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ضلع غربی میں آج 48 نئے کیسز آنے کے بعد مقامی منتقلی کے 258 کیسز ہوگئے۔ ضلع کورنگی میں آج 16 نئے کیسز آنے کے بعد کورونا کے مریضوں کی تعداد 179 ہوگئی ہے۔

آج ملیر میں 15 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اس طرح مقامی منتقلی کے کیسز کی تعداد 147 ہوگئی۔  حیدرآباد میں 229 کیسز ہیں جس میں 158 تبلیغی جماعت کے ہیں۔ آج 19 نئے کیسز آنے کے بعد حیدرآباد میں مقامی منتقلی کے 71 کیسز ہوگئے۔

لاڑکانہ میں 65 کُل کیسز ہیں، جن میں 42 زائرین ہیں۔ لاڑکانہ میں مقامی منتقلی کے 23 کیسز ہوئے ہیں۔ سکھر میں 347 کیسز ہیں، جس میں ایران سے آئے ہوئے زائرین کی تعداد 237 ہے۔ سکھر میں تبلیغی جماعت کے 76 کیسز ہیں۔

سکھر میں بھی مقامی منتقلی کے 7 کیسز ہوچکے ہیں۔ مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کی گنجان آبادیوں میں مقامی منتقلی کے کیسز بہت زیادہ بڑھ رہے ہیں۔

صو بائی وزیرصحت عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ مئی میں کورونا کیسز میں اضافہ اپنی بلندی پر ہوگا۔ لاک ڈاون میں نرمی سے تعداد اور زیادہ بڑھ جائے گی۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ سندھ میں ٹیسٹ کی تعداد کے اعتبار سے مثبت کیسز کی شرح دس فیصد ہے جبکہ مثبت کیسز کے تناسب سے اموات کی شرح دو اعشاریہ دو فیصد ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مئی کے وسط اور آخر تک کورونا کیسز میں اضافہ اپنی بلندی پر ہوگا۔ آنے والے دنوں میں صورتحال زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے۔ لاک ڈاون اور سماجی فاصلوں پر موثر انداز میں عمل کرنا ہوگا۔

لاک ڈاؤن میں رعایت دی تو کورونا کیسز کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ ڈاکٹرعذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ صوبے میں یومیہ تین ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔

صوبائی وزیرصحت نے بتایا کہ فیلڈ اسپتال میں بستروں کی تعداد پانچ ہزار کردی گئی ہے۔ جسے گیارہ ہزار تک لے کر جائیں گے۔

ہائی ڈیپنسی یونٹ کی تعداد پانچ سو سے بڑھا کرہزار تک کی جائے گی۔ اسی طرح آئی سی یو میں تین سو سے زائد کی گنجائش کو چھ سو تک بڑھانے کی کوشش ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 209 ہوگئی، جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 9 ہزار 749 ہوگئی۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 4328کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ3053، خیبرپختونخوا 1345، بلوچستان495، گلگت بلتستان283، اسلام آباد194 اور آزادکشمیر میں کورونا وائرس کے 51 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔ سندھ 66، پنجاب51، بلوچستان6، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے 3،3 مریض جاں بحق ہوئے۔


متعلقہ خبریں