کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث آج صوبے میں مزید 5 مریض جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 66 ہوگئی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے بھر میں آج کورونا کے 289 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد مریضوں کی تعداد 3053 ہوگئی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں اموات کورونا کے کل مریضوں کا 2.1 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آج 2191 ٹیسٹ کیے جس سے 289 مریض سامنے آئے۔ ہم نے صوبےمیں اب تک 28249 ٹیسٹ کیے ہیں۔ آج مزید 30 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں صحت یاب افراد کی تعداد 665 ہوگئی جو کل صحت یاب ہونے والے مریضوں کا 22 فیصد ہے۔
مرادعلی شاہ نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر انتظامیہ کچھ نہیں کرسکتی ہے۔ احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے آج لاڑکانہ میں مزید 11 نئے کیسز آئے ہیں۔
مزید پڑھیں: سندھ: کورونا کے 182 نئے کیسز رپورٹ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی وسطی میں 19، شرقی 31، کورنگی 3، ملیر 46، جنوبی 87 اورغربی میں 15 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بدین 6، سجاول 2، سکھراور دادو میں ایک، ایک، حیدرآباد 12، خیرپور 25 اور شہید بینظیرآباد میں 2 کیسز سامنےآئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھادی ہے۔ آئندہ ہفتے تک کورونا ٹیسٹنگ کی نئی لیبارٹری لاڑکانہ میں قائم کی جائے گی۔