ملک میں اب کورونا وائرس مقامی افراد سے پھیل رہا ہے، ظفر مرزا


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اب ملک میں کورونا وائرس مقامی افراد سے پھیل رہا ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ اس وقت 60 فیصد کورونا وائرس کا پھیلاوَ مقامی افراد سے ہورہا ہے۔

ڈاکٹر ظفرمرزا نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔ این95 ماسک کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہے ہیں ۔ کوشش کی جارہی ہے کہ مقامی سطح پر این 95 ماسک خود بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ جو ڈاکٹرز اسپتالوں میں کام کررہے ہیں ان کیلئے این 95 ماسک پہننا لازمی ہے۔ ڈاکٹروں کوحفاظتی سامان کی فراہمی کیلئےمزید اقدامات کررہے ہیں۔

معاون خصوصی کے مطابق قومی اورصوبائی سطح پرلاک ڈاوَن کی وجہ سے وائرس کے پھیلاوَ میں کمی آئی ہے۔ اب تک ملک بھرمیں ایک لاکھ 5 ہزارٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹڑ ظفر مرزا نے اجلاس کو بتایا کہ کوشش کررہے ہیں کہ روزانہ کی بنیاد پر20 ہزار ٹیسٹ کیے جائیں۔

چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹرثانیہ نشتر نے  پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا سے متعلق نئی تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ اس وائرس کے پھیلاوَ کا عمل تیز ہے،

انہوں نے کہا کہ اس وائرس سے80 فیصد متاثرہ افراد میں علامات ظاہرنہیں ہوتی ہیں۔ ہمیں بنیادی اصول مرتب کرنے کے بعد روزانہ کی زندگی کی طرف واپس آنا ہوگا۔

ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہا کہ لاک ڈاوَن سے ملک کی اقتصادی صورتحال پردباوَ آرہاہے۔ دیکھنا ہوگا کہ ملک لاک ڈاوَن کی صورتحال کتنی دیرمزید برداشت کرسکتاہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی بھر پوراندازمیں اپناکرداراداکررہی ہے۔ کمیٹی کو طویل دورانیہ کی پالیسیوں کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاوَن سے متعلق صوبوں کے تجربات سے آئندہ کی پالیسی مرتب کرنا ہوگی۔ صحت اورمعیشت کے درمیان توازن پیدا کرنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت طویل لاک ڈاوَن برداشت نہیں کرسکتی ہے۔طویل لاک ڈاوَن سے ملک میں غربت میں اضافہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت نے کورونا سے متعلق نئی ایپ متعارف کرادی

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح کم ہے۔ صعنت کاروں اور تاجر لاک ڈاوَن سے تیزی سے متاثرہورہے ہیں۔ غریب طبقہ لاک ڈاوَن سے شدید متاثر ہورہا ہے۔

دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما مشاہد اللہ خان نے  پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا رویہ متعبصانہ  ہے۔ اسپیکر سے کمیٹی میں بولنے کے لیے وقت مانگا لیکن نہیں دیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو 6 بار بولنے کی اجازت دی گئی۔


متعلقہ خبریں