کورونا وائرس کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اجمل وزیر



پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہےکہ کورونا وائرس کا خطرہ بڑھ گیاہے اب بہت  احتیاط کرنے کی  ضرورت ہے۔

صوبے میں کورونا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کورونا کے1137 مریض ہیں جن میں سے 226 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے62 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 10 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد صوبہ بھر میں اموات کی تعداد 60 ہو چکی ہے۔

اجمل وزیر نے بتایا کہ ضلع خیبر میں 7 قرنطینہ مرکز قائم کیے ہیں جبکہ جمرود میں اسٹیٹ آف دی آرٹ آئیسولیشن سینٹر بنایا گیا ہے جس کے لیے جگہ پاک فوج نے دی ہے اور قرنطینہ مراکز میں تمام سہولیات میسر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے713 پاکستانی واپس آئے،تمام افراد کو قرنطینہ منتقل کرکے ٹیسٹ لیے جائیں گے،جن کے ٹیسٹ منفی آئیں گے انہیں گھر بھیج دیا جائے گا جبکہ یو اے ای سے آنے والے172 افراد گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آئیسولیشن سنٹر کو گرمی سے بچانے کیلئے تھرمل شیٹ ڈالی ہے، قرنطینہ میں موجود افراد کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے گئےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں، متحد ہوکر کورونا کےخلاف لڑنے کا ہے، اس وبا کےخلاف جیتنے کا واحد حل احتیاط ہے۔


متعلقہ خبریں