بارش سے فصلوں کونقصان پہنچنے کا خدشہ

بارش سے فصلوں کونقصان پہنچنے کا خدشہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش سے فصلوں کو نقصان پہینچے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

چمن اور زیارت سمیت بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بادل برسے اور ژالہ باری بھی خوب ہوئی،  پنجاب کے علاقوں حاصل پور اور شجاع آباد میں بھی ژالہ باری سے سفیدی بکھر گئی۔

راولپنڈی اسلام آباد میں بارش ہوئی، ناروال، اوکاڑہ، پتوکی اور خوشاب میں بھی بادل برسے۔ پشاور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔

اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں بادل برس پڑے۔ لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش، ٹھنڈی ہواؤں سے موسم نے کروٹ بدل لی۔ وادی لیپہ، نیلم اور ملکہ کوہسار مری میں بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچے کا اندیشہ ہے۔

گندم کے کھیتوں میں پانی کے کھڑا ہونے اور ژالہ باری سے سٹے ٹوٹنے سے پیداوار میں واضح کمی واقع ہونے کا خدشہ ہے۔

بارش سے گندم کی کٹائی کا عمل جہاں متاثر ہوا ہے وہاں دوسری جانب پیداوار میں کمی آ جانے سے کاشتکاروں کو مالی لحاظ سے کافی نقصان برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔

 


متعلقہ خبریں