اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کا ادارہ ہے۔
وزیر اعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیاسی اور کورونا وائرس کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز اور حکومتی اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ زراعت کے شعبے کو بجٹ میں خصوصی توجہ دے کر ترقی دی جائے گی، اس شعبے میں موثر پالیسی پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ نے عمران خان کی اپیل کی حمایت کر دی
وزیر اعظم نے خصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس سے سفارشات بھی مانگ لیں۔
اسپیکر اسد قیصر نے کورونا وائرس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی تجاویز سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران قومی اسمبلی کے ورچوئل اجلاس منعقد کرنے سے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا گیا اور پارلیمنٹ میں قانون سازی کے حوالے سے مختلف امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کیے جارہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس کے انعقاد کی ستائش کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پارلیمان کو موثر اور فعال رکھنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کا ادارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اسپیکر کی مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے کی کاوشوں کوبھی سراہا۔