کالعدم تنظیم کےانتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار



کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیع اللہ عرف ارشد اور محمد جعفر عرف برکت عرف افتخار کو گرفتار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان کراچی میں عبداللہ دانش، نعیم عرف ماسٹر،عاصم کیپری، اسحاق بوبی، عطاء الرحمان عرف نعیم بخاری اور صابر عرف بھائی جان کے ساتھ مل کرپاک آرمی، نیوی، رینجرز، پولیس اہلکاروں اور سیاسی/ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔

ملزمان کے ماسٹر مائنڈ عطاءالرحمان عرف نعیم بخاری اور صابر منا عرف بھائی جان پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں۔

ملزمان دہشت گردوں کی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل ہیں اور حکومت سندھ نے فی کس 50لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا ہے۔

ملزمان کی نشاندہی پر دہشت گردی میں استعمال ہونے والا اسلحہ و ایمونیشن بھی بر آمد کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

سمیع اللہ عرف ارشد 2015میں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں 4رینجرز اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔

ملزم 2015-2014 میں کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ، 2015میں پاکستان نیوی کے اہلکار سید جعفر رضا شاہ کا قتل، 2015-2014 میں اے این پی کے ذمہ داران ڈاکٹر ضیاء الدین اور حاجی سیف اللہ آفریدی کی ٹارگٹ کلنگ میں میں ملوث تھا۔
محمد جعفر عرف برکت عرف افتخار کالعدم تنظیم کی ٹارگٹ کلنگ کے امیر صابر عرف بھائی جان کے حکم پر عبداللہ دانش کے ہمراہ ضلع غربی میں 13پولیس اہلکاروں،7فرقہ وارانہ اور 5لسانی بنیادوں پر کی جانے والی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔

ملزم 9اپریل 2015کو عبداللہ دانش اور سمیع اللہ عرف ارشد کے ہمراہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے N-4بس اسٹاپ کے قریب نیوی کے ملازم سید جعفر رضا شاہ کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔

محمد جعفر عرف برکت عرف افتخار 4قادیانی، اے این پی کے ذمہ دار سید لعل، اہل تشیع حسن عباس کی ٹارگٹ کلنگ اور ڈکیتی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا۔ درج بالا ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں