اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ضروری ہے کہ ہر فرد اپنی ذمہ داری کا احساس کرے اور جہاں تک ممکن ہو سکے سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے۔
اسلام آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق درست ڈیٹا اور معلومات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ درست اعدادوشمار پر مبنی ڈیٹا کی بنیاد پر حکمت عملی اختیار کی جائے۔
عمران خان نے کہا کہ مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے محدود کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دی ہے۔ جہاں زیادہ افراد جمع ہوں وہاں ماسک اور دیگر تدابیر اختیار کی جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو احتیاطی تدابیر ے متعلق ترغیب دی جائے اورمفصل آگاہی مہم چلائی جائے۔ ہر فرد اپنے طور پر ممکنہ حد تک اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ڈاکٹرز اور پیرا میڈکل اسٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔
میڈیا نے نہ صرف درست معلومات عوام تک پہنچانی ہیں بلکہ منفی اور غلط پروپیگنڈے کا بھی مقابلہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد علمائے کرام سے ملاقات کروں گا۔ علمائے کرام کی رہنمائی سے ماہ رمضان سے متعلق حکمت عملی تشکیل دی جائیگی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے آج کے اجلاس پر بریفنگ دی۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر فیصل نے اجلاس کو ٹریکنگ اور ٹیسٹنگ پر بریفنگ دی۔
اجلاس کو قرنطینہ میں مریضوں کو منتقل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی و دیگر امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو چیئرمین این ڈی ایم نے کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق حفاظتی انتظامات پر بریفنگ دی۔ اسپتالوں میں حفاظتی سامان کی ترسیل سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کورونا: ایف اے ٹی ایف نے اپنے تمام طے شدہ اجلاس ملتوی کردیے
چیئرمین این ڈی ایم اے نے اجلاس کو بتایا کہ حفاظتی سامان کی تیسری کھیپ کل صوبوں کو ارسال کر دی جائے گی۔
اجلاس میں ماہ رمضان کے پیش نظر کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
وفاقی وزرا خسرو بختیار، فخر امام، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور ڈاکٹر معید یوسف نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔