کورونا وائرس کے مریضوں کی صحتیابی کے حوالے سے خوشخبری 


لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا وائرس کے مریضوں کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے بتایا ہے کہ لاہور کے اسپتالوں سے کورونا کے مزید بارہ مریض صحتیاب ہو گئے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صحتیاب ہونے والے بارہ مریضوں میں سے دس میو اسپتال لاہور جب کہ دو پی کے ایل آئی میں زیرعلاج تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں اب تک چار سو ستتر(477) کووڈ کنفرم مریضوں میں سے مجموعی طور پر ایک سو تینتالیس مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کوروناکیسزکی تعداد3232 ہوگئی

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹوں کی صلاحیت بھی بڑھادی گئی ہے۔

وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس کے دو ہزار چھ سو انہتر(2669)  تشخیصی ٹیسٹ کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا وائرس کے چھیالیس ہزار سے زائد تشخیصی ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مشتبہ اور کنفرم مریضوں کے اعداد و شمارکا جائزہ روزانہ کی بنیاد پر لیا جا رہا ہے اور کورونا پر قابو پانے کی مکمل کوشش کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب یہ نہیں کہ کورونا ختم ہو گیا، فردوس عاشق

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کورونا وائرس کے پیش نظر تمام ترصورتحال کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔

وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹیسٹوں کی صلاحیت بڑھانے سے کوروناوائرس کی وباء پر قابو پانے اورمریضوں کے علاج میں سہولت حاصل ہوگی۔


متعلقہ خبریں