جزوی لاک ڈاوُن مزید 2 ہفتے تک جاری رہے گا، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک میں جاری کورونا لاک ڈاوُن میں مزید دو ہفتے توسیع کرنے کا اعلان کردیا۔

نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاوَن کو آگے لے کر جارہے ہیں۔جزوی لاک ڈاوَن مزید 2ہفتے تک جاری رہے گا۔ کورونا کی وجہ سے لاک ڈاوَن کو بڑھایا گیا ہے۔صوبے لاک ڈاوَن نہیں کھولنا چاہتے تو وفاق ان پر زبردستی نہیں کریگے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دیہات کے اندر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ شہروں میں آج سے تعمیرات کی صنعت کھول رہے ہیں۔  کنسٹرکشن انڈسٹری میں لوگوں کو زیادہ روزگار ملتا ہے ۔ کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے ایک آرڈیننس لے کر آرہے ہیں۔آرڈیننس کے تحت تعمیراتی سیکٹر کو بہت بڑا پیکج دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ احساس کیش پروگرام کے تحت 28 لاکھ خاندانوں کو رقم دی جائے گی۔ زراعت کے بعد سب سے زیادہ تعمیراتی شعبے میں کاروبار کے مواقع ہیں۔ گندم کٹائی کا سیزن ہے اس میں تمام رکاوٹیں دور کردی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث تمام اسکول ،کالجز، بند کردیے۔ کورونا وائرس کے باعث ملک میں لاک ڈاوَن کیا گیا۔ کورونا کے باعث 23مارچ کی پریڈ بھی منسوخ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے۔ پوری دنیا میں کورونا کے باعث لاک ڈاوَن کیے گئے۔ ڈیلی ویجز اور دکانداروں کی مشکلات کا احساس ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اٹلی اور اسپین میں روز سیکڑوں لوگ مر رہے ہیں۔ ہم نے جو تخمینے کیے، جس کے مطابق کورونا 30 فیصد پھیلا ہے۔ کورونا کا پھیلاوَ روکنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلنے کا خدشہ برقرار ہے۔ خوشی ہے لاک ڈاوَن کی وجہ سے کورونا اتنا نہیں پھیلا۔ ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔ اللہ کا شکر ہے پاکستان میں ہلاکتیں توقع سے کم ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤکا خدشہ موجود ہے، احتیاط کرنی ہے۔ لوگوں نے احتیاط کے ذریعے اپنے آپ کو اس وائرس سے بچایا ہے۔ اگر کورونا وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوا تو ہمارا نظام مقابلہ نہیں کرسکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ  تعلیمی ادارے ،سینما اور عوامی مقامات بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گندم  کی کٹائی کا موسم ہے اس میں تمام رکاوٹیں دور کردی ہیں۔ رمضان المبارک میں تراویح سے متعلق علما ئے کرام سے مشاورت کریں گے۔ ہر جگہ ہمیں اپنی حکمت عملی استعمال کرنی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کو اسمگلنگ کا سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایک سخت آرڈیننس لے کرآرہے ہیں۔ آرڈیننس کے تحت سخت سزائیں دی جائیں گی۔ گندم اور ڈالرکی اسمگلنگ پر کل سخت آرڈیننس لارہےہیں۔ذخیرہ اندوزوں کےخلاف بھی سخت قوانین لارہےہیں۔ رمضان المبارک میں اگر لوگوں نے پیسہ بنانے کی کوشش کی تو سخت کارروائی ہوگی۔

معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ دنیا بھر میں 1 لاکھ 20 ہزار لوگ کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں۔ پاکستان میں اب تک 51 ہزار 432 ٹیسٹ کیے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 5 ہزار 716 ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد96ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے حوالے سے تخمینہ لگا یا تھا کہ پاکستان میں 18 ہزار سے زائد کیسز ہوں گے۔ لیکن اللہ کا شکر ہے پاکستان میں صرف آج 5 ہزار716 کیسز ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اموات کے لحاظ سے ہم نے آج کے حوالے سے 191 کی اموات کا تخمینہ لگایا تھا جو کہ صرف 96 ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان میں کورونا کے کیسز اور اموات کم ہیں۔ تخمینے کے مطابق سندھ اور پنجاب میں کیسز کی تعداد زیادہ ہے۔


متعلقہ خبریں