بھارت کیخلاف کرکٹ سیریز، پی سی بی کا دوٹوک موقف سامنے آ گیا


اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے  بھارت کیخلاف دوطرفہ کرکٹ سیریز کھیلنےسے متعلق دوٹوک موقف سامنے آ گیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے کا نقصان ضرور ہوتا ہے مگر اب ان کے ساتھ کھیلنا ہماری سوچ میں بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ  بھارت سے کھیلیں یا نہ کھیلیں کوئی فرق نہیں پڑتا، بی سی سی آئی  نے دو تین دفعہ وعدہ کرکے سیریز نہیں کھیلی،  بھارتی کرکٹ بورڈ اعتبار کے قابل نہیں ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ مستقبل قریب میں بھی انڈیا کے ساتھ کرکٹ سیریز کی بحالی پر بھی اعتبار نہیں کیا جاسکتا،  اگر سیریز سے متعلق کوئی مثبت چیز سامنے آئی تو دیکھ لیں گے۔

25 مارچ پاکستان کی کرکٹ تاریخ کا یادگار ترین دن

ان کا کہنا تھا کہ  بھارت کے ساتھ آئی سی سی ایونٹس اور ایشیا کپ کے میچز کھیلتے رہیں گے، کھیل میں سیاست نہیں آنی چاہیے، پی سی بی کا دوطرفہ سیریز سے متعلق میڈیا رائٹس کنٹریکٹ تنسیخ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان نے 2023 تک انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوم سیریز کھیلنی ہیں،  تمام سیریز کو مارکیٹ کرنا بہت بڑا چیلنج ہو گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ  انگلینڈ کے براڈکاسٹرز بھی اس صورتحال میں پریشان ہیں،  دیگر اسپورٹس براڈ کاسٹرز  بھی معاشی بوجھ تلے ہوں گے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ نئے کنٹریکٹ میں پی سی بی کو اتنے پیسے نہ مل سکے جو پہلے ملتے تھے،  ایسی صورتحال میں ہمیں متبادل بھی دیکھنا ہوں گے۔


متعلقہ خبریں