واشنگٹن: امریکہ میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ اندورنی سیاست کی نذر ہو گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پریس بریفنگ میں ڈیموکریٹک گورنرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈیموکریٹک ارکان کو صرف تنقید کا موقع چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ آمدورفت پر پابندی لگانے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور لاک ڈاون میں دیر کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس پھیلنے کی رفتار کم ہو رہی ہے اور نئے کیسز کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے۔
پریس بریفنگ میں ڈیموکریٹک ارکان کی ویڈیو بھی چلائی جبکہ اس دوران امریکی صدر صحافیوں سے بھی الجھ پڑے اور میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور جان لیوا وائرس سے مزید پندرہ سو سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 23 ہزار 600 سے بڑھ گئی ہے۔
امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ 86 ہزارسے زیادہ ہے جبکہ 36 ہزار سے زائد افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں امریکی صدارتی انتخابات: برنی سینڈرز نے جو بائیڈن کی حمایت کا اعلان کر دیا
دنیا بھر میں اس وقت کورونا کی وبا نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور اب تک 19 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد ہے۔ 4 لاکھ سے زائد متاثرہ افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔