اسلام آباد: کورونا وائرس کے پیش نظر وزارت تعلیم کی جانب سے ٹیلی اسکول ٹرانسمیشن کا آغاز منگل سے ہوگا۔
فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن ذرائع کے مطابق ٹیلی سکول سے طلبا گھر بیٹھے تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
ٹرانسمیشن کا آغاز فیڈرل ڈائیرکٹوریٹ آف ایجوکیشن کرے گا اور تعلیمی مواد مقامی تعلیمی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے فراہم کیا ہے۔
تعلیم کے مواد میں ترامیم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی ہیں۔ ٹیلی اسکول کی ٹرانسمیشن پی ٹی وی سے نشر کی جائیں گی۔
وفاقی وزارت تعلیم اور پاکستان ٹیلی ویژن کے درمیان ٹیلی اسکول کا معاہدہ یکم اپریل کو طے پایا تھا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے معاہدے کی تصدیق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرجاری کردہ اپنے ایک پیغام میں بھی کی تھی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ٹیلی اسکول کا بنیادی مقصد ٹی وی چینل کے ذریعےاسکول کے بچوں کو روزانہ دس گھنٹے کی کلاسیں دینا ہے۔
خیال رہے کورونا وائرس کے سبب تمام تعلیمی ادارے بند ہیں اور حکومت نے سرکاری ٹی وی چینل کے ذریعے بچوں کو تعلیم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب میں بھی تعلیم گھر منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جہاں صبح نو سے دوپہر دو بجے تک کیبل پر ٹرانسمیشن نشر کی جاتی ہے۔