اٹلی اور فرانس میں کورونا کیسز بڑھ گئے

اٹلی: 24 گھنٹوں کے دوران کوروناکیسز کی تعداد میں23 فیصد اضافہ

فائل فوٹو


روم: اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور چوبیس گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے کیسز کی تعداد میں23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اٹلی میں تاحال ایک ہزار سولہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں ایک پاکستانی شہری بھی شامل ہے۔

پورے ملک میں اس وقت15,113 افراد متاثر ہیں جن میں سے 1153 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ 1016 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 1258 صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کوروناوائرس: چین کا امریکہ پر حیاتیاتی حملے کا الزام

اٹلی میں دکانیں اور اسکول بند ہیں، اسپتالوں میں بستروں کی کمی کے پیشِ نظر محکمہ صحت نے زیادہ عمر والے افراد کو آئی سی یو میں نہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق بزرگ افراد میں قوت مدافعت کم ہوتی ہے اور اُن میں اس مرض سے بچنے کے امکانات بھی کم ہوتے ہیں۔

اطالوی حکام نے میڈیکل اور کھانے پینے کی دکانوں کے علاوہ ملک بھر میں تمام دکانوں کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے حکومت نے اپنے لگ بھگ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ شہریوں کو قرنطینہ میں منتقل کر دیا ہے۔  ملک کے شمال اور مشرق میں واقع 14 صوبوں کے رہائشیوں کو سفر کرنے سے قبل خصوصی اجازت نامہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے ملک بھر میں تعلیمی اداروں، میوزیم، نائٹ کلب، جم اور دیگرعوامی مقامات کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور یہ دورانیہ تین اپریل تک جاری رہے گا۔

فرانس میں بھی کورونا کے 2876 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 129 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اب تک فرانس میں61 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 12 صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں