کوئٹہ: مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے باغی رہنماؤں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے نام سے نئی سیاسی جماعت کا اعلان کردیا۔
جمعرات کو نیوزکانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ آئندہ دو ماہ تک رابطہ کمیٹی نئی پارٹی کے معاملات دیکھے گی۔ اس کے بعد عہدیداروں کا اعلان کیا جائے گا۔
سینیٹر انوارالحق کاکڑ کو پارٹی کا مرکزی ترجمان اور ذرائع ابلاغ کے لئے مشیر مقرر کیا گیا ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی میں ق لیگ، ن لیگ، پی کے میپ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے منحرف رہنما شامل ہیں۔
یہ بھی دیکھیں: بلوچستان میں نئی سیاسی جماعت بنانے کی تیاری
سابق سینیٹر سعید ہاشمی نے دیگر رہنماؤں کے ساتھ نئی پارٹی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سرفراز بگٹی، حسنین ہاشمی منشور پر کام کریں گے۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام کی وجہ بیان کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وفاق کی سطح پر فعال دیگر جماعتیں موجود تو ہیں لیکن بلوچستان سے تعلق رکھنے والا کوئی وفاق پرست پلیٹ فارم نہیں تھا۔
رہنماؤں کے مطابق دیگر سیاسی جماعتیں بلوچستان پربات تو کرتی ہیں لیکن دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والی قیادتیں صوبے کو خاطرخواہ توجہ نہیں دے پا رہی تھیں۔
نئی جماعت کے متعلق سامنے آنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد صوبائی اور وفاقی حکومت میں حصہ لینا اس پیش رفت کا اہم ہدف ہے۔
بلوچستان سے صوبائی یا قومی اسمبلی کی نشستوں پر دوبارہ منتخب ہونے کی اہلیت رکھنے والے افراد پر مشتمل نئی جماعت کا اعلان آئندہ عام انتخابات سے چند ماہ قبل کیا گیا ہے۔