میر شکیل الرحمان کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے، سیاسی رہنما


اسلام آباد: پاکستان کے سیاسی رہنماؤں نے جیو جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دے دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، فاشسٹ حکمران اسے گرانے کے درپے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے انتقام کی بو آرہی ہے۔ زوال پزیر حکومت کا آخری حملہ میڈیا اور سیاسی مخالفین پر ہوتا ہے۔ میڈیا کو اٹھارہ ماہ سے دبایا جارہا ہے۔

جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میر شکیل کی گرفتاری سے جنگ اور جیو سے وابستہ افراد کا روزگار متاثر ہوگا۔ صحافتی برادری کو اس وقت متحد ہونا ہوگا اور اپنے حقوق کی آواز بلند کرنی ہوگی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان تنقید برداشت نہیں کرسکتے اور نیب کے ذریعے گرفتاری کروادیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر ان کے اہلخانہ، جنگ اور جیو کے ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

مزید پڑھیں: جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان گرفتار

پاکستان مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی سچ سے نفرت آج سب نے دیکھ لی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان میڈیا آئینہ ہے، اسے توڑنے سے سچائی نہیں چھپ سکتی۔ آٹا اور چینی چورعمران مافیا سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے میر شکیل الرحمن کو گرفتار کیاگیا ہے۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ یہ سیاہ دن ہے کہ نیب کو میڈیا کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ عمران خان اپنی کرپشن، نالاقی اور عوام دشمنی چھپانے کے لیے نیب کو کہاں کہاں استعمال کریں گے؟

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے دن سے نیب کے انتقامی رویے کی جانب نشان دہی کررہے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نیب کو استعمال کرکے ناپسندیدہ افراد کو نشانہ بنارہے ہیں۔ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے۔ عمران خان دھونس اور دھمکی سے اظہار رائے کی آزادی کو کچلنا چاہتے ہیں۔

ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ میر شکیل الرحمان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔


متعلقہ خبریں