’سیکرٹریٹ کے معاملے پر پی ٹی آئی کا جنوبی پنجاب سے وجود ختم ہوجائے گا‘

جاوید ہاشمی گھر محاصرہ

ملتان: پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ سیکرٹریٹ کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جنوبی پنجاب سے وجود ختم ہوجائے گا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹریٹ کے حوالے سے ناقابل عمل اعلان کیا ہے اور حالیہ فیصلے نے صوبے کی تحریک کو نقصان پہنچایا۔

مزید پڑھیں: صوبہ جنوبی پنجاب کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، شاہ محمود قریشی

جاوید ہاشمی نے کہا کہ اب نا سرائیکی صوبہ بنے گا اور نا ہی سیکرٹریٹ بنے گا۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ پنجاب کی تین حصوں میں تقسیم ضروری ہے۔

ن لیگی رہنما کے مطابق تقسیم ہند سے قبل پنجاب کی 22 ریاستیں تھیں، اتنے صوبے تو نہیں بن سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کی بات ہے پتہ چل جائے گا کیسے سیکرٹریٹ بنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مسائل حل کرنے کی بجائے پیدا کررہے ہیں۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ چینی چوروں کی فہرست عوام کے سامنے لائی جائے۔

یہ بھی جانیں: جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام صوبے کی طرف پہلا قدم ہوگا، عثمان بزدار

انہوں نے کہا کہ بہاولپور کی عوام بھی سیکرٹریٹ کے فیصلے سے حیران ہے، پنجاب کی تقسیم سے تخت لاہور کی حکمرانی ختم ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر حکومت نے شہر اولیا کو نظر انداز کیا، مغربی پاکستان میں ملتان دوسرا بڑا شہر تھا اور آج پانچواں بڑا شہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملتان پانچ ہزار سال سے ملک یا حکمرانی کا مرکز رہا ہے تاہم انگریز دور میں اس کا استحصال شروع ہوا۔


متعلقہ خبریں