لاہور پولیس نے ’ٹریول آئی‘ کے نام سے نیا سافٹ ویئر متعارف کرادیا


لاہور: لاہور پولیس نے ’ٹریول آئی‘ کے نام سے نیا سافٹ متعارف کرایا ہے جس کا مقصد شہر کے مختلف اڈوں پر ٹکٹ خریدنے والے مطلوب ملزمان کو پکڑنا ہے۔

پولیس کے مطابق اس سافٹ ویئر کے تحت لاہور کے تمام بس اڈے اور کمپنیاں رجسٹرڈ ہونگیں۔ اس سافٹ ویئر کی مدد سے بس اڈوں سے دوسرے شہروں میں فرار ہونے ملزمان پکڑے جاسکیں گے۔

کسی بھی مقدمہ میں نامزد ملزم اگر کسی بھی بس سروس سے ٹکٹ خرید کر سفر کرے گا تو وہ فوری سافٹ ویئر کے ذریعے پکڑا جائے گا۔

انچارج کنٹرول روم سب انسپکٹر عمیر احمد کے مطابق ہمارے اس سسٹم میں لاہور کے بڑے بس اڈے رجسٹرڈ ہیں جن کے پاس لاگ ان ہیں جو بھی ٹکٹ خریدے گا اسکا ریکارڈ ہمارے پاس آجائے گا۔

مزید پڑھیں: سال 2019: لاہور پولیس کی کارکردگی رپورٹ جاری

سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید  کا کہنا ہے کہ ہوٹل آئی اور ٹریول آئی سافٹ ویئر میں اب تک پندرہ سو بہتر ہوٹل اور بس اڈے رجسٹرڈ کیے گئے ہیں جن میں رواں سالے کے دوماہ کے دوران اڑتیس ہزار افراد کو چیک کیا گیا جن میں سے چالیس اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سافٹ ویئر سے ہم پولیس کو مطلوب اور عدالتی مفرور افراد کو آسانی سے پکڑ رہے ہیں اور مجرمان کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔

ٹریول آئی کے ذریعے لاہور میں آنے اور جانے والے افراد کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ  جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی جائے گی۔

جدید نظام کے ذریعے جہاں خطرناک ملزموں کی گرفتاری میں مدد ملے گی وہیں ریکارڈ یافتہ مجرمان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا ممکن ہو گا۔


متعلقہ خبریں