سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کے خلاف مقدمہ درج

وزیراعلیٰ سندھ کا ہنگامہ کرنے والے 28 افسران کو گرفتار کرنے کا حکم

کراچی: تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے تبادلے اور معطلی کے خلاف ہنگامہ آرائی کرنے والے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 28 افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

وزیراعلی سندھ کے احکامات کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی افسران کے خلاف مقدمہ درج تھانہ نیو ٹاؤن میں ایس بی سی اے افسر علی مہدی کاظمی نے اپنی مدعیت میں درج کروایا ہے۔

مقدمہ نمبر 94/2020 میں 147,148,353,186/506 کی دفعات شامل کیے گئے ہیں۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ 4 مارچ کو 11 بجکر 20 منٹ پر 30 ملازمین ایس بی سی اے آفس میں داخل ہوئے۔ ان ملازمین نے ڈی جی آفس میں داخل ہوکر ہنگامہ آرائی اور مغلظات بکیں

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ملازمین نے دفتر میں داخل ہوکر سرکاری کام میں مداخلت بھی کی۔

مورخہ 4 مارچ کو لوکل گورمنٹ کے سیکریٹری کی جانب سے 28 ملازمین کو معطل کیا گیا تھا۔ معطل افسران میں عادل عمر صدیقی، جمیل میمن ، راشد ناریجو، جمال محمد، ظہیر احمد ،معطل افسران میں الطاف کھوکھر، عبدالسجاد خان ، عاصم خان سمیت دیگر شامل تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ

واضع رہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے معطل افسران نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آشکار ڈاور کے دفتر پر ہنگامہ آرائی کی تھی، جس کے بعد وہ مستعفی ہوگئے تھے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ گزشتہ شام ڈائریکٹر عادل عمر اور جمیل میمن کی سربراہی میں معطل افسران آشکار ڈاور کے آفس میں داخل ہوئے اور ان پر معطلی کے نوٹیفیکشن واپس لینے پر دباؤ ڈالا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے  ہنگامہ کرنے والے ایس بی سی اے کے 28 افسران کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے انسپکٹر جنرل پولیس سندھ کو ہدایت کی تھی کہ ان افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے گرفتار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو ان افسران کو گرفتار کرکے انہیں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی تھی۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نے وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ ایس بی سی اے کی بلڈنگ میں اپنی آفیس بھی قائم کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو غنڈہ گردی کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں