جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام صوبے کی طرف پہلا قدم ہوگا، عثمان بزدار


لاہور: وزیراعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام نئے صوبے کی طرف پہلا قدم ہوگا۔

جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے پوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شرکاء نے جنوبی پنجاب صوبے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات پیش کیں

اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب صوبہ قائم کرکے رہے گی،بلاول بھٹو زرداری

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےعثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے فنڈز مختص کیے ہیں۔ سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے تمام انتظامی تیاریاں مکمل ہیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کیلئے 35 فیصد ترقیاتی فنڈز مختص کیے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے بجٹ کو کسی دوسرے مقصد کیلئے استعمال نہیں کیاجائیگا۔ جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام کی ترقی اورخوشحالی پر ہی صرف ہوں گے۔

 مزید پڑھیں: پنجاب حکومت نے صوبے کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر دیا

عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف کو جو مینڈیٹ دیا ہے اس کی لاج رکھیں گے۔ ماضی کی حکومتوں نے سیاسی شو بازی کر کے جنوبی پنجاب کے عوام کو دھوکا دیا۔ سابق حکمران جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر اپنی سیاست چمکاتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام شرکاء نے مثبت تجاویز اورآراء پیش کی ہیں، سیاسی، انتظامی اورآئینی امور کا جائزہ لے کر وزیراعظم عمران خان کو حتمی سفارشات پیش کی جائیں گی۔

اجلاس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے لوگوں کو ریلیف ملے گا۔ سیکرٹریٹ کے قیام سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔


متعلقہ خبریں