ریاض: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کی ویزہ فیس واپس کرنے کے لیے آن لائن سروس کا آغاز کر دیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ویزہ فیس کی واپسی کے لیے شروع کردہ آن لائن سروس سے عمرہ زائرین اپنی ویزہ فیس اور سروس چارجز متعلقہ حج ایجنسیز سے واپس وصول کر سکتے ہیں۔
سعودی وزارت حج نے بھی عمرہ زائرین کو ویزہ فیس واپس کرنے کی تصدیق کر دی۔ اگر کسی کو ویزہ فیس وصولی میں مشکل ہو تو وہ سعودی وزارت صحت سے ان کے لینڈ لائن نمبر اور ای میل کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ہرسال 75 لاکھ سے زائد افراد عمرہ کی سعادت حاصل کرتے ہیں تاہم دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پیش نظر سعودی عرب نے عمرہ ادائیگی پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے منتقل ہونے کے شدید خطرے کے پیش نظر عمرہ ادائیگی پر پابندی لگائی گئی ہے تاہم یہ اقدامات عارضی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس:ماسکوں پر اندھی کمائی کا آغاز، ایک خدا ترس نے مفت تقسیم شروع کردی
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور سیکرٹری مذہبی امور نے سعودی سفیر نواف بن سید ال مالكی سے سعودی سفارت خانے میں ملاقات بھی کی تھی جس میں عمرہ زائرین پر پابندی اور حج کے حوالے سے دیگر معاملات زیر بحث آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس: پی آئی اے نے عمرہ زائرین کے سفر پر 15 مارچ تک پابندی عائد کردی
سعودی سفیر نے واضح کیا تھا کہ عمرہ زائرین پر پابندی عارضی طور پر ہے اور جن زائرین کے ویزے کی معیاد ختم ہونے والی ہے ان کے ویزے میں توسیع کر دی جائے گی۔
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ عمرہ ادائیگی پر لگائی گئی پابندی صرف پاکستانی زائرین پر عائد نہیں بلکہ 22 اور ممالک بھی شامل ہیں۔