امن معاہدے سے انٹرا افغان ڈائیلاگ کا آغاز ہو گا، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان امریکہ امن معاہدے سے انٹرا افغان ڈائیلاگ کا آغاز ہو گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر کے دورے سے واپسی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افغان امریکہ امن معاہدے سے انٹرا افغان ڈائیلاگ کا آغاز ہو گا جس کی میزبانی کے لیے ناروے نے حامی بھری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کا فیصلہ افغانیوں نے خود کرنا ہے کیونکہ انہوں نے طویل جنگ دیکھی ہے اور وہ اب امن چاہتے ہیں۔ افغان عوام نے نقل مکانی اور بہت دشواریاں دیکھیں۔ اب افغانستان میں امن ہو گا تو وہاں کے عوام سکھ کا سانس لیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امن معاہدے میں پاکستان کے کردار کو پوری دنیا نے سراہا ہے اور اب دیکھنا ہو گا کہ افغان قیادت ملکی مفادات کو ترجیح دیتی ہے یا ذاتی مفادات کو۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پتہ چلے گا کہ کتنی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے ؟ اب ایک دوسرے کو لچک دکھانے کے لیے کیا سب تیار ہیں ؟ طے ہوا ہے کہ افغانستان کی زمین امریکہ سمیت کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ افغان حکام کو مل بیٹھ کے فیصلہ کرنا ہو گا کہ انہیں کس طرح کا افغانستان چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان کا امریکہ و طالبان کے مابین معاہدے کا خیر مقدم

وزیر خارجہ نے کہا کہ انٹر افغان ڈائیلاگ کی اگلی نشست میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے اس کے لیے فریقین کا وفد بھی تیار ہو گا۔ اب فریقین کو معاہدے میں کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرنا ہو گی جبکہ طالبان کی قیادت کو القاعدہ سے رابطے بھی منقطع کرنا ہوں گے دیکھنا یہ ہے کہ وہ کیسے کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں امریکی صدر کا طالبان رہنماؤں سے ملاقات کا اعلان

انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل کو خراب کرنے والے موجود ہیں جبکہ منفی کردار والوں کی نشاندہی اور بے نقاب کرنے کے لیے ایک طریقہ کار درکار ہے۔


متعلقہ خبریں