بجلی کے نرخوں میں اضافہ: سی اے اے کا ایئرپورٹس پر نائٹ آپریشن بند کرنے پہ غور

بجلی کے نرخوں میں اضافہ: سی اے اے کا ایئرپورٹس پر نائٹ آپریشن بند کرنے پہ غور

اسلام آباد: بجلی کے نرخوں میں ہونے والے اضافے نے جہاں عوام الناس کی چیخیں نکال دی ہیں وہیں اس نے ملک کے تمام ایئرپورٹس کو بھی شدید متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔

سی اے اے حکام کی مبینہ غفلت: مسافر دم توڑ گیا

بجلی کے بلوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے پہ قابو پانے کے لیے سول ایوی ایشن کی انتظامیہ نے ملکی ایئرپورٹس پر نائٹ آپریشن بند کرنے پہ سنجیدگی سے غور و خوص شروع کردیا ہے۔

ہم نیوز کو انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں ہونے والے اضافے سے جہاں ملک بھر میں عوام سخت پریشان دکھائی دے رہے ہیں وہیں اب ایئرپورٹس انتظامیہ کے لیے بھی بلوں کی ادائیگی ناقابل برداشت بوجھ بن گئی ہے۔

ذرائع نے اس بات کا انکشاف کرتے ہوئے ہم نیوز کو بتایا کہ ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ ایوی ایشن نے تمام ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز انتظامیہ کو ایک مراسلہ بھیجا ہے جس میں 145 ویں ایاٹا کانفرنس میں ائیرلائنز کی جانب سے نائٹ آپریشن میں دشواری کا مسئلہ بیان کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق بھیجے جانے والے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران ملک میں بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔

مراسلے میں اعتراف کیا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ہونے والے مسلسل اضافے سے ملک میں موجود تمام ایئرپورٹس متاثر ہوئے ہیں۔

حکومت کا سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ ایوی ایشن نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ اس وقت زیادہ تر غیرملکی ایئرلائینز رات اور صبح سویرے فلائٹ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن کو بجلی کے بلوں کی مد میں اضافی بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ بھیجے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ رن وے ٹیکسی لائٹس، سکیورٹی پیرامیٹرز لائٹس، ٹرمینل بلڈنگ لائٹس، اورائیر کنڈیشنرز کے بلوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

سول ایوی ایشن نے اس ضمن میں تمام ایئر لائنز کو دو آپشن دیے ہیں۔ اول یہ کہ بجلی کے بلوں میں اضافے سے بچنے کے لیے رات 12 بجے سے صبح چھ بجے تک فلائٹ آپریشن بند کر دیا جائے۔

ایئر لائنز کو دیے جانے والے دوسرے آپشن میں کہا گیا ہے کہ تمام ایئر لائنز پر ایئرو ناٹیکل چارجز کی مد میں 20 سے 25 فیصد اضافہ کردیا جائے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن نے بھیجے جانے والے مراسلے کے ذریعے تمام ایئر لائنز سے تجاویز طلب کرلی ہیں۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لیے سی اے اے کی زمین طلب

ایئر لائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دونوں آپشنز میں سے کسی ایک کے متعلق اپنی تجویز سے ہیڈ کوارٹر کو آگاہ کردیں۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس ضمن میں حتمی فیصلہ 28 فروری کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ جو بھی حتمی فیصلہ ہو اس کا اطلاق سمر شیڈول 2020 سے ہوگا۔


متعلقہ خبریں