پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کی تنظیم نو کا فیصلہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کی تنظیم نو کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلا س میں کیا گیا جس میں کپاس سے متعلق اہم امور پر غور و خوص ہوا۔

کپاس کے عالمی دن کے موقع پر کاشتکاروں کا انوکھا احتجاج

ہم نیوز کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین، وفاقی وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیار، وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ملک میں کپاس کی موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیڈ سیکٹر کی اصلاحات پر توجہ دی جائے گی۔ شرکائے اجلاس نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ سیڈز کی منظوری کے عمل کو آسان،سہل اور تیز تر بنایا جائے گا۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں کپاس کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں پر قابو پانے کے لائحہ عمل کی بھی منظوری دی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو متعلقہ حکام نے کپاس کی پیداواری لاگت سے متعلق مسائل، ریسرچ اداروں اور سیڈ سیکٹر سے متعلقہ معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اعلیٰ حکام نے شرکائے اجلاس کو کپاس کی فصل کو کیڑوں سے بچاؤ کے کے درکار لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ سطحی اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس (کاٹن) کی بحالی سے کسان اور ٹیکسٹائل کے شعبے کو فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کپاس کی بحالی سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ زرعی ملک ہونے کے ناطے زرعی شعبے میں ریسرچ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت زرعی شعبے کو درپیش مسائل کو دورکرنا چاہتی ہے اور انہیں حل کرنے میں بھی بھرپور دلچسپی رکھتی ہے۔

اپنے مقصد کا فیصلہ کر کےساری کشتیاں جلا دیں، عمران خان

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے صدارتی خطاب میں زور دے کر کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے اور پیداوار میں اضافے کو یقینی بنایا جائے۔


متعلقہ خبریں