نئے الیکشن، ان ہاؤس تبدیلی کیلئے تمام آپشن اختیار کرنے کو تیار ہیں،بلاول بھٹو



لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ہٹانے کیلئے جو بھی جمہوری طریقہ اپنانا پڑے گا اپنائیں گے اور ان کی جماعت اسٹیبلشمنٹ کے بغیر تبدیلی لائے گی۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نئے الیکشن اور ان ہاؤس تبدیلی سمیت تمام آپشن اختیار کرنے کو تیار ہے۔

حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں، ہم کسی غیرجمہوری حکومت کوسپورٹ نہیں کرسکتے، عوامی حقوق کا تحفظ عوامی حکومت کرتی ہے۔ دھاندلی زدہ اورغیرجمہوری حکومت نے زبردستی اپنا راج قائم کیا ہے اور انہوں نے 15 ماہ میں گالی گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہے ہیں، خواتین کو معلوم ہے کچن چلانا کتنا مشکل ہو گیا ہے۔ ادارہ شماریات کہتا ہے مہنگائی آج سب سے زیادہ ہے۔ مہنگائی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل ملک کی خود مختاری کے لیے ٹھیک نہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ حکومت کو نئی ڈیل کرنی چاہیے، ڈیل کی وجہ سے سارا بوجھ عوام پر ڈالا گیا ہے۔ غریب حکومت کی ناکامی کا بوجھ کیوں اٹھائے؟ بوجھ ڈالنا ہے تو اپنے دوستوں اور ان پر بوجھ ڈالیں جن کو ایمنسٹی اسکیم دی گئی۔


متعلقہ خبریں