اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہیے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا وہ کسی کے اشارے پر حکومت گرانے آئے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ میں کرپٹ ہوں نہ پیسے بنارہا ہوں، جو کرپشن کرتے ہیں فوج کا ڈر ان ہی کو ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کا کراچی اور اسلام آباد میں مارچ کا اعلان
وزیراعظم نے کہا کہ ایجنسیز کو معلوم ہوتا ہے کون کیا کررہا ہے، اپوزیشن حکومت کو ختم کرنا چاہتی ہے لیکن ان کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ آٹا بحران سے متعلق ابتدائی رپورٹ میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام نہیں آیا، ملک میں ہر جگہ کارٹیل ہے جو قیمتوں کو مرضی سے کنٹرول کرتا ہے جبکہ مسابقتی کمیشن اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ بجلی کی قیمتیں مزید نہیں بڑھا سکتے اور اس متعلق انٹرنیشنل مانٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاملات طے پاجائیں گے۔
مزید پڑھیں: حکومت دسمبر تک کی مہمان ہے، مولانا فضل الرحمان کا دعویٰ
اتوار کے روز مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی سے کہتا ہوں کہ اب وہ کسے امانت کہتے ہیں وہ راز کھول دیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی راز کی بات تھی، تین فوری استعفے اور تین ماہ میں انتخابات کا وعدہ کر کے دھرنا ختم کروایا گیا تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چوہدری برادران پہلے اپنی پوزیشن تبدیل کریں پھر ان کو جلسوں میں مدعو کرنے کا سوچیں گے۔
مزید پڑھیں: مارچ میں کوئی سیاسی حادثہ ہوسکتا ہے، شیخ رشید
ان کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں کہ بڑی جماعتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے اپوزیشن منقسم ہے جس کا فائدہ حکومت کو ہوا۔
کچھ روز قبل ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں وزیر ریلوے شیخ رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اس مرتبہ دھرنا دینے آئے تو دھرلیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مارچ میں کوئی سیاسی حادثہ ہوسکتا ہے۔ خطرہ صرف مولانا فضل الرحمان سے ہے، ان کو فری ہینڈ نہیں ملے گا انہیں دھر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جتنی مرضی لندن پلان بنالیں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سڑکوں پر نہیں آ ئیں گے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی صرف میڈیا میڈیا کھیلے گی۔