جے یو آئی ف کا نئے اتحادیوں کے ساتھ ملکر حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان


 اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن سے علیحدگی کے بعد جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی ف)  نے نئے اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں نئی اتحادی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے رہنما اکرم درانی نے کہا کہ ملک میں لوگ مایوسی کی طرف جا رہے ہیں۔ چھ نئی جماعتوں کے اتحاد  کے ساتھ ملکر حکومت کے خلاف تحریک شروع کریں گے، جس کا نام “تحفظ آئین پاکستان” ہوگا۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی سے اتحاد ختم کرکے چھ جماعتوں پر مشتمل نیا الائنس بنایا ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان

ذرائع کے مطابق نئے اتحاد میں جے یو آئی ف، نیشنل پارٹی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، جے یو آئی پاکستان، قومی وطن پارٹی اور جمعیت اہلحدیث شامل ہیں۔

اکرم درانی نے کہا کہ آج کے مشاورت اجلاس میں نئی اتحادی جماعتوں کی طرف سے ایوب ملک، عثمان کاکڑ، عدنان خان اور باقی تین جماعتوں کے نمائندگان شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں یکم مارچ کو کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ کنونشن کا وقت دس بجے ہوگا، جس میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں کو مدعو کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کا آئین پاکستان تحفظ تحریک چلانے کا فیصلہ

اکرم درانی نے کہا کہ  مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں کو دعوت نامہ چھ جماعتوں کے قائدین کی طرف بھیجا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں  تفصیلی مشاورت ہوئی ہے۔ ہم 19 مارچ کو تحفظ آئین پاکستان کے نام سے بڑے جلسے کا اعلان کرتے ہیں۔ 23 مارچ کو کراچی اور 19 مارچ کو لاہور میں جلسہ کرنے کا بھی اعلان کرتے ہیں۔

جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ یکم مارچ کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں میں بڑا اجتماع کریں گے، جس میں بارکونسلز کے عہدیداران، صحافتی تنظیموں اور مذدوروں کی تنظیموں کو بلائیں گے۔


متعلقہ خبریں