حکمران کشمیر میں جہاد کا اعلان کریں، سینیٹر سراج الحق

فوٹو: فائل


کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران کشمیر کے لیے عملی اقدامات کرتے ہوئے جہاد کا اعلان کریں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کراچی میں جماعت اسلامی کے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے چکوال تک آج پوری قوم سڑکوں اور چوراہوں پر موجود ہے۔ انسانی ہاتھوں کی زنجیر نے ثابت  کیا کہ خون کے آخری قطرے اور زندگی کے آخری لمحے تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی ہاتھوں کی زنجیر سے ساری دنیا کو یہی پیغام ہے کہ اگر دنیا چاہتی ہے خطہ ایک ایٹمی جنگ سے بچ جائے تو کشمیریوں کو آزادی کا حق دینا ہو گا۔اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کے کشمیر کے لوگوں کو حق دینے کے حوالے سے قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں سے پوچھتا ہوں 72 سال ہو گئے آپ کے الفاظ آپ کی تقاریر بے جان ہو گئی ہیں اگر کشمیر کو آزاد کرنا چاہتے ہیں تو عملی جدوجہد کرنی ہوگی جہاد کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 6 ماہ سے مقبوضہ کشمیر ایک جیل خانہ بنا ہوا ہے اور 6 ماہ سے کشمیری اپنے گھروں کے اندر محصور ہو کر رہ گئے ہیں، اس وقت صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے بستیاں برباد اور قبرستان آباد ہو رہے ہیں۔ اب پوری قوم کا ایک ہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ایمان کا تقاضہ ہے ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔ کشمیری قیادت کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ ہر طرح کے دباؤ کے باوجود کھڑے ہیں لیکن اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی، عالم اسلام اور اقوام متحدہ کو جو کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کر رہا۔

یہ بھی پڑھیں یومِ یکجہتی کشمیر پر بھارتی اداکارہ مودی سرکار پر پھٹ پڑیں

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے مشرقی تیمور کو علیحدہ ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کیا لیکن کشمیر کے معاملے پر خاموش ہے۔ 6 ماہ سے 80 لاکھ کی آبادی محاصرے میں ہے اور آپ تماشہ کر رہے ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران امریکہ کی طرف مت دیکھیں دو رنگی چھوڑ کر ٹیپو سلطان بن جائیں لیکن ہمارے حکمران تو پولیس افسران کی تعیناتی پر لڑ رہے ہیں۔ حکمرانوں کو عملی اقدامات کرتے ہوئے جہاد کا اعلان کرنا چاہے۔


متعلقہ خبریں