عمران خان کو اتحادیوں سے نہیں اپنے لوگوں سے خطرہ ہے، چوہدری شجاعت حسین

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو اتحادیوں سے نہیں بلکہ اپنے ہی لوگوں سے خطرہ ہے۔

مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم اتحادی ہونے کے علاوہ ساتھی بھی ہیں اور ساتھ نبھانا خوب جانتے ہیں۔ ہماری پارٹی بے شک چھوٹی ہے لیکن تجربے کے لحاظ سے دوتہائی اکثریت کے ساتھ حکومت بھی کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویزالہٰی، طارق بشیر چیمہ، مونس الہٰی کے بیانات سچائی اور حب الوطنی کی عکاسی کرتے ہیں۔ اتحادی ہمیشہ اتحاد اور مساوات پر یقین رکھتے ہیں۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اپنا ساتھی سمجھتے ہیں اور انہیں بھی چاہیے کہ ہمیں اپنا دشمن نہیں ساتھی ہی سمجھیں۔ ہمارے بیانات کا بعض دوست غلط مطلب نکال کر عمران خان کو کلپ دکھا کر اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، فردوس عاشق

انہوں نے کہا کہ گارڈین لندن کی غلط خبر پر ہم نے 3 ماہ میں مقدمہ جیت لیا تھا تاہم دیکھتے ہیں کہ شہبازشریف لندن میں مقدمہ کہاں تک چلاتے ہیں اور جو بھی آئے جائے ایک چیز یاد رکھے کہ مسلم لیگ ن کا ووٹ بینک نواز شریف کا ہے، نواز شریف کے سامنے شہباز شریف زیرو ہیں۔


متعلقہ خبریں