5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی انتہا پسند سوچ نے کشمیریوں کو جکڑا ہوا ہے لیکن وزیر اعظم نے کہا مسئلہ کشمیر اولین ترجیح ہے۔ بھارت معصوم کشمیریوں کے حقوق کا قاتل ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مہنگائی کی لہر سےعوام میں تشویش ہے اور نظام سے بدعنوانی کا مکمل خاتمہ وزیر اعظم کا ویژن ہے۔ سسٹم کےاندر کالی بھیڑوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احتساب کےعمل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ حق داروں تک حق پہنچانے کے لیے ہی اقتدار میں آئے ہیں۔ ایک خاندان لندن میں مختلف سرگرمیوں میں مصروف ہے جبکہ علاج سے متعلق حکومت کو آگاہ کرنے کے لیے آج آخری روز تھا کیونکہ عوام پلیٹلیٹس کی تعداد کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیرون ملک آرام کر رہے ہیں ڈاکٹر عدنان اُن کی میڈیکل رپورٹ ہم سے شیئر کریں۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، شہری زخمی

گندم سے متعلق بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کی پابندیوں کے باوجود گٹھ جوڑ سے گندم افغانستان اسمگل کی گئی تاہم آٹا بحران سے متعلق تحقیقات کا عمل جاری ہے اور جلد رپورٹ عوام سے شیئر کی جائے گی۔ طور خم بارڈر پر 2 کولیکٹوریٹ کو بھی معطل کر کے او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے اور ان کا کیس ایف آئی اے کو دیا جائے گا۔ تاہم عوام کو مہنگائی کے عذاب سے نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

 


متعلقہ خبریں