حکومت کا جاں بحق کیمرہ مین کے لواحقین کیلئے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان


اسلام آباد: حکومت نے جاں بحق ہونے والے نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کے لوحقین کے لیے 10 لاکھ دینے اور ان کے بھائی کو وزارت اطلاعات میں نوکری دینے کا اعلان کیا۔

گزشتہ روز نجی ٹی وی کے کیمرہ مین فیاض علی چھ ماہ کی تنخواہ نہ ملنے اور نوکری سے فارغ کیے جانے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

متوفی فیاض علی کے اہل خانہ اور صحافیوں کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کےحل کیلئے ہرممکن اقدام کررہے ہیں۔ صحافیوں اور عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاں بحق کیمرہ مین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی ہے۔ کیمرہ مین کے والدین کو علاج معالجے کی ہرممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ نجی ٹی وی کی انتظامیہ کی جانب سے کیمرہ مین کو فرائض کی ادائیگی کا معاوضہ جاں بحق ہونے کے بعد ملنا لمحہ فکریہ ہے۔ کسی بھی میڈیا ورکر کا اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا آسان نہیں ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  میڈیا تنظیموں اور مالکان کے ساتھ مل کر تنخواہوں کا مسئلہ حل کرائیں گے۔ پاکستان کےمعاشی حالات کاجائزہ لینا ضروری ہے۔15 ماہ کی حکومت کو مسائل ورثے میں ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ میڈیا ملکان پرائیویٹ اور سرکاری اشتہارات کی مد میں کروڑوں روپے کمائیں اور ورکرز کی تنخواہ روک دیں۔ میڈیا مالکان کی جانب سے تنخواہ روکنے کے معاملے کو حل کرنے کے لیے میکینیزم بنا رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ترکی میں زلزلہ پر وزیراعظم عمران کان نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترکی ہمارا دوست ملک ہے۔ ترک عوام کےساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں