لاہور: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے ٹکٹ پیر، 26 مارچ سے فروخت کے لئے پیش کئے جائیں گے۔
ہم نیوز کے مطابق تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لئے کھلاڑیوں کا اعلان بھی اسی روز کیا جائے گا۔
پاکستان اورویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریزکے لیےٹکٹ آن لائن فروخت کئے جائیں گے۔
پی ایس ایل فائنل کے لئے مہنگی ٹکٹوں پرشائقین کی تنقید کے بعد چیئرمین پی سی بی نے ویسٹ انڈیز سیریزکے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے ٹکٹ پچاس فیصد کم قیمت پر فروخت کئے جائیں گے۔
قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی دکھانے والے نوجوان کرکٹرز کو قومی ٹیم میں شامل کرنے پرغور کررہی ہے۔ ان کھلاڑیوں میں حسین طلعت، آصف علی، آغا سلمان اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان طے شدہ ٹی ٹونٹی سیریز میں کرس گیل کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ خدشہ ہے کہ وہ سیریز میں شرکت کے لئے پاکستان نہ آئیں۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچز بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
مختصر فارمیٹ کی کرکٹ پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لئے کیریبئن ٹیم 31 مارچ کو کراچی پہنچے گی۔