کائرو: یمن میں جنگجو گروہ حوثیوں نے ایک فوجی تربیتی کیمپ پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 60 فوجی اہلکار ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میزائل یمن کے وسطی صوبے ماریب کی ایک مسجد پر گرا ہے جبکہ سرکاری نیوز ایجنسی نے ہلاکتوں کی حتمی تعداد کے بارے کوئی رپورٹ جاری نہیں کی۔
دوسری جانب یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی نے حملے کو بزدلانہ اور دہشت گردانہ فعل قرار دیا ہے۔ واضح رہے یمن تنازعہ 2014 سے جاری ہے جس میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں زخمی ہو چکے ہیں۔
یاد رہے دو ہفتے قبل یمن میں فوجی پریڈ کے دوران میزائل حملے سے پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق میزائل حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا تاہم کسی نے اس حملے کی ذمہ دامہ قبول نہیں کی۔
عینی شاہدین کے مطابق مہمانوں کے چبوترے کے قریب دھماکہ ہوا جس سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کم سے کم 8 افراد زخمی ہوئے جن کو ابتدائی طبی امداد پہنچائی جا رہی ہے۔
دھماکہ اس وقت ہوا جب فوجی پریڈ ختم ہونے کے بعد لوگ وہاں سے روانہ ہو رہے تھے۔ جس علاقے میں دھماکہ ہوا وہ مقامی حکومت کے زیر انتظام ہے۔
رواں سال اگست میں بھی فوجی پریڈ کے دوران میزائل حملہ ہوا تھا جس میں اہم کمانڈر سمیت 36 لوگ ہلاک ہوگئے تھے اور اس کی کی ذمہ داری حوتی گروپ نے قبول کی تھی۔