وزیراعظم کا آزاد کشمیر میں بارشوں اور برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ


مظفرآباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کے ہمراہ آزاد کشمیر میں بارشوں اور برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

آزادکشمیر کے داروالحکومت مظفر آباد میں وزیراعظم کو بارشوں اور برف باری سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں چیف سیکریٹری نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے، معذور ہونے والوں کو 75 ہزار اور زخمی ہونے والے افراد کو 50 ہزار روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بارشوں اور برف باری میں تباہ ہونے والے گھروں کی مرمت کے لیے فی گھرانہ 1 لاکھ روپے، دکانوں کے لیے 50 ہزار اور گاڑیوں کے لیے 1 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں کو کھولنے کا عمل مسلسل جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچا دی گئی ہیں۔

بارشوں اور برف باری سے متاثرہ علاقوں بشمول نیلم ویلی کا دورہ کرنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سی ایم ایچ مظفر آباد کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو متاثرین کو ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

سی ایم ایچ مظفر آباد کے دورے کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں