وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب پہنچ گئے

سعودی ہم منصب سے ملاقات میں وزیر خارجہ امریکہ-ایران کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران کے دورے کے بعد سعودی عرب پہنچ گئے۔

شاہ محمود قریشی اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں آج شامل کو ریاض پہنچے۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ان کا استقبال سعودی وزارت خارجہ کے ڈپٹی منسٹر آف پروٹوکول اعظم القین، پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز سمیت دیگر نے کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی دفتر خارجہ گئے جہاں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن  فرحان السعود نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے خطے میں پائی جانے والی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کشیدہ صورتحال کو اعتدال پر لانے اور خطے کے امن و استحکام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ معاملات کو سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوشش یہی ہے کہ تمام فریقین کو، صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور گفت و شنید کا راستہ اپنانے پر آمادہ کیا جائے۔ ہمیں تشویش ہے کہ اگر اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کے لیے بروقت اقدام نہ اٹھائے گئے تو یہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

وزیر خارجہ نے کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے خطے کے دیگر وزرائے خارجہ سے ہونے والے روابط سے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی بحرانی کیفیت پر قابو پانے اور خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی “امن کاوشوں” کو سراہا اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورے اور کوششوں کا خیر مقدم کیا۔

اس سے قبل دفترخارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ دورہ ایران کا مقصد خطے میں امریکہ، ایران کشیدگی کا خاتمہ اور دیرپا امن کا قیام ہے۔

بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے ایرانی صدر اور اپنے ہم منصب سے ملاقاتیں کیں جن میں مشرق وسطیٰ، خلیج کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفترخارجہ کے مطابق ایران کی قیادت نے کشیدگی میں کمی اور دیرپا امن کیلئے وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں کو سراہا۔

شاہ محمود قریشی نے دورہ ایران کے متعلق ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ایرانی صدر حسن روحانی سے تعمیری اور مثبت بات چیت ہوئی، خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔ پاکستانی سرزمین کسی جنگ کےلیے استعمال نہیں ہوگی۔

 

شاہ محمود قریشی کے ہمراہ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی سعودی عرب اور ایران کے دورے پر ہیں۔ سعودی ہم منصب سے ملاقات میں وزیر خارجہ امریکہ-ایران کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔


متعلقہ خبریں