آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے بل کا مسودہ سامنے آ گیا


اسلام آباد : آرمی ایکٹ میں ترمیم کا حکومتی مسودہ ہم نیوز نے حاصل کر لیا ہے، اسے پاکستان آرمی ترمیمی ایکٹ 2020 کا نام دیا گیا ہے۔

مسودے کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت تین برس ہو گی جس میں مزید تین سال کی توسیع کی جا سکے گی۔

پاک فوج کے سربراہ کی تعیناتی یا توسیع صدر پاکستان وزیراعظم کے مشورے پر کریں گے اور اسے عدالت میں کسی صورت چیلنج نہیں کیا جا سکے گا۔

اسی طرح آرمی چیف کے عہدے پر عمر کی بنیاد پر ریٹائر ہونے کے قواعد لاگو نہیں ہوں گے۔

ترمیم کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس کو پاک فوج، فضائیہ یا بحری افواج سے تین سال کے لیے تعینات کیا جائے گا جس کی منظوری وزیراعظم کی مشاورت پر صدر پاکستان دیں گے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے بل پر کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا، ان کا مطالبہ یہ ہے کہ انہیں بل کے متن پر اعتماد میں لیا جائے۔

ذرائع کے مطابق حکومت آرمی ایکٹ میں ترامیم کی متفقہ منظوری کے لئے پرامید ہے، حزب اختلاف کو بل کے متن پر تفصیلی بریفنگ دے دی جائے گی۔

مزید پڑھیں : آرمی چیف کی تقرری کے متعلق آئینی نہیں قانونی ترمیم ہوگی، بابر اعوان

حزب اختلاف بھی آرمی چیف کے عہدے کو متنازعہ بنانے کے حق میں نہیں ہے، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ایوانوں سے یہ بل متفقہ طور پر منظور کرایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں