شکریہ وزیراعظم: ملائیشیا کی جیلوں سے رہا ہو کر وطن پہنچنے والوں کا اظہار تشکر

شکریہ وزیراعظم: ملائیشیا کی جیلوں سے رہا ہو کر وطن پہنچنے والوں کا اظہار تشکر

اسلام آباد: فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کوالا لمپور، ملائیشیا سے آنے والے 113 مسافروں کو کلیئر کردیا۔ اس طرح پاکستانیوں کی ایمیگریشن کا عمل مکمل ہو گیا۔

وزیراعظم عمران خان خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی سے نالاں

ہم نیوز کے مطابق ملائیشیا سے آنے والے 113 پاکستانیوں کی ایمیگریشن کے لیے ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر خصوصی کاؤنٹر قائم کیا تھا۔

وفاقی حکومت کی ہدایت پر ملائیشیا کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو لے کر جب قومی ایئر لائن پی آئی اے کا طیارہ چھ بجکر پانچ منٹ پر ایئرپورٹ پہنچا تو وزارت اوورسیز پاکستانیز کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔

ملائیشیا کی جیلوں سے رہائی پا کر وطن پہنچنے والے پاکستانیوں نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا بطور خاص شکریہ ادا کیا۔

وفاقی حکومت نے ملائیشیا سے ان پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پرواز بھیجی تھی جو غیر قانونی طور پر وہاں پہنچے تھے اور سخت مشکلات سے دوچار تھے۔

غیر قانونی تارکین وطن کے لیے ملائیشیا کی حکومت نے ایک ایمنسٹی اسکیم متعارف کرائی تھی جو یکم اگست 2019 سے شروع ہوئی تھی اور جس کا آج آخری دن تھا۔ اس اسکیم کے تحت غیر قانونی طور پر ملائیشیا آنے والے غیر قانونی تارکین وطن ازخود رضاکارانہ طور پراپنے وطن واپس جا سکتے ہیں۔ ایسے غیرقانونی تارکین وطن پر نہ تو جرمانہ عائد کیا جائے گا اور نہ ہی انہیں قید و بند کی صعوبتیں جھیلنا ہوں گی۔

ہم نیوز کے پاس موجود اعداد و شمار کے تحت اب تک آٹھ ہزار سے زائد پاکستانی اس اسکیم کے تحت فائدہ اٹھا کر وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ پانچ ماہ کے دوران پاکستانی ہائی کمیشن نے وطن واپس آنے والوں میں سے 1833 افراد کو ایمرجنسی ٹریول دستاویزات جاری کیے ہیں۔

2020: غریب عوام کیلئے حکومت کے بڑے فیصلے

حکومت پاکستان نے مئی 2019 میں بھی پی آئی اے کی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے 300 زیر حراست پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا تھا۔


متعلقہ خبریں