کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جب کہ بچے سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق جمعرات کو سچل تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق سچل تھانے کی حدود نیو رضویہ سوسائٹی میں موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے کار کو روک کر اندر بیٹھے افراد کو نشانہ بنایا۔
واردات کے وقت ملزمان چہرے پر نقاب لگائے ہوئے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں امیر علی نامی شخص جاں بحق ہوا جب کہ دو سالہ بچے سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
امدادی اہلکاروں کے مطابق واقعہ کے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آئی جی سندھ نے حکم دیا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیموں کو خصوصی ٹاسک دیا جائے۔
ابتدائی طور پر یہ نہیں بتایا گیا کہ فائرنگ کے محرکات کیا ہیں تاہم پولیس واقعہ کی تفتیش کر رہی ہے۔
آخری خبر آنے تک فائرنگ کرنے والے افراد کا تعین بھی نہیں ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق ابھی مرنے والے کے بارے میں بھی مزید تفصیلات اکھٹی کی جارہی ہیں۔