جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے بلاول کو 24 دسمبر کو طلب کر لیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو 24 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔

نیب راولپنڈی ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے بلاول بھٹو کو جے وی اوپل کیس میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول کے ماتحت چلنے والے ادارے زرداری گروپ آف کمپنیز اور بحریہ ٹاون کے اکاونٹس میں رقم کی منتقلی ہوئی۔

دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری کے کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے نیب کی جانب سے چیئرمین پیپلز پارٹی کو ملنے نوٹس کی تصدیق کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو نیب کا نوٹس موصول ہوگیا ہے۔

ترجمان کے مطابق جب چیف جسٹس بھری عدالت میں کہہ چکے ہیں کہ بلاول بھٹو بے قصور ہیں تو نیب کا نوٹس بھیجنا انہیں ہراساں کرنے کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے آصف زرداری کے خلاف اہم ثبوت حاصل کر لیے

ترجمان کا کہنا ہے کہ جب بھی حکومت بحران کا شکار ہوتی ہے، مخالفین کو نیب کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بناتی ہے۔ نیب بتائے کہ اس نے حکومتی ارکان و وزراء کو کتنے نوٹسز بھیجے ہیں۔

سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے سوال کیا کہ نیب بتائے کہ حکومتی اراکین اور وزراء کے خلاف کرپشن کیسز کیوں زیرالتواء ہیں۔ نیب صرف اپوزیشن کے اراکین کو نشانہ بنارہی ہے۔


متعلقہ خبریں