نااہلی کے باوجود پارٹی صدر، پی ٹی آئی رہنما کے خلاف درخواست دائر


فیصل آباد: تحریک انصاف کے صوبائی صدر رائے حسن نواز کی نااہلی کے باوجود صدارت کے عہدے پر براجمان رہنے کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ رائے حسن نواز سپریم کورٹ سے نااہلی کے باوجود بطور پارٹی عہدے دار کام کررہے ہیں۔ حالانکہ قانون کے مطابق نااہلی کے بعد کوئی بھی شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔

درخواست میں یہ نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ رائے حسن نواز نے الیکشن کمیشن میں استعفیٰ جمع کرایا تاہم پارٹی عہدہ نہیں چھوڑا۔

درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ رائے حسن نواز کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹایا جائے۔

پاکستان میں انتخابی عمل اور سیاسی جماعتوں سے متعلق ادارے الیکشن کمیشن میں شیریں آباد کے رہائشی مجاہد حسین شاہ نے درخواست دائر کی ہے۔

سپریم کورٹ نے 25 مئی 2016 کو قومی اسمبلی کی نشست این اے 162 ساہیوال سے منتخب ہونے والے رائے حسن نواز کو اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دیا تھا۔

قبل ازیں الیکشن ٹریبونل نے 12 مئی 2015 کو رائے حسن نواز کو اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دے کر دوبارہ انتخاب کا حکم دیا تھا۔ جس کے خلاف پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

نااہل ہونے کے بعد تحریک انصاف نے رائے حسن نواز کو مغربی پنجاب میں پارٹی کا صدر مقرر کردیا۔ الیکشن کمیشن نے رائے حسن نواز کو پارٹی عہدہ چھوڑنے کے لیے نوٹس بھی بھجوایا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز نے پارٹی کی مغربی پنجاب کی صدارت سے 21 نومبر 2017 کو استعفیٰ دے دیا تھا۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے معاملہ نمٹا دیا۔


متعلقہ خبریں