سرگودھا: وزیر ریلوے شیخ رشید کی سرگودھا ریلوے اسٹیشن آمد پروہاں کھڑے شہری نے ان کی ٹرین پر انڈے پھینک دیئے اور ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے ٹرین سے ہاتھ ہلایا اور واپس چلے گئے جبکہ پولیس نے وزیر ریلوے کے خلاف نعرے بازے کرنے والے نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب شیخ رشید نے ریلوے اسٹیشن پر سجائے گئے اسٹیج پر آکر میڈیا سے بات نہ کی بلکہ میڈیا کے نمائندگان نے زبردستی ٹرین میں داخل ہوکر ان سے بات چیت کی۔
اس موقع پر وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ریلوے ٹریک پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مختصراً بات کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف سے متعلق قانون ساز ی مکمل فیصلہ دیکھنے کے بعد کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو ضمانت ملنا نیک شگون نہیں۔
اس دوران انہوں نے ریلوے کی اپ گریڈیشن کے لئے ڈیڑھ کروڑ کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔