ایلیمینیٹر مرحلہ، گلیڈی ایٹرز نے بوریا بستر سمیٹ لیا


لاہور: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے ایلیمینیٹر مرحلے میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زلمی کے 158 رنزکے  ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد 20 اوورز میں 156 رنز بنا سکی۔

ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کےاوپنر  بلے باز اسد شفیق اور کوہلر کیڈ مور میدان میں آئے تو خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔

اسد شفیق بغیر کوئی رن اسکور کیے حسن علی کی گیند کا شکار ہو گئے۔ ان کی دیکھا دیکھی کیڈ مور بھی پانچ رنز بنا کر حسن علی کا دوسرا شکار بنے۔

محمد نواز اور سرفراز احمد نے میدان سنبھالا تو تیسری وکٹ کی شراکت میں 67 رنز بنائے۔

ثمین گل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دسویں اوور کی چوتھی اور پانچویں گیند پر بڑا جھٹکا دیا۔

کپتان سرفراز احمد نے محمد نواز کےساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کھیل کو آگے بڑھایا۔ 80 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں ثمین گل کی گیند پر عمید آصف نے پویلین کی راہ دکھائی۔

محمد نواز آؤٹ ہوئے تو کپتان سرفراز مجموعی اسکور میں ایک رن کا بھی اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

انہیں ثمین گل نے 35 ہی کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا۔

پانچویں وکٹ محمود اللہ کی گری۔ محمود اللہ نے مزاحمت کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 19 رنز بنائے۔ 15ویں اوور کی دوسری گیند پر عمید آصف نے ان کی بیلز ہوا میں اڑا دیں۔

دیگر کھلاڑی بھی بڑی اننگ کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ ریلے روسو آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تھیسارا پریرا 132 کے مجموعی اسکور پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

گلیڈی ایٹرز کی آٹھویں وکٹ 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر گری۔ حسن خان 133 کے ٹوٹل اسکور پر بغیر کوئی رن بنائے وہاب ریاض کا شکار بن گئے۔

آخری اوور میں انور علی اور میر حمزہ نے میدان سنبھالا تو گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے چھ گیندوں پر 25 رنز درکار تھے۔

لیام ڈاؤسن اپنا چوتھا اوور کرانے پہنچے تو انور علی نے ایک کے بعد ایک بڑی شارٹس کھیل کر زلمی کے چھکے چھڑا دیے۔

انور علی نے آخری اوور کی پانچ گیندوں پر تین چھکے اور ایک چوکا لگا کر کھیل کا پانسہ پلٹ دیا۔

ٹیم کو جیت کے لیے آخری گیند پر تین رنز درکار تھے۔ انور علی نے آخری گیند پر بھی بڑی شارٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

میر حمزہ دوسرا رن لے کے اسکور برابر کرنے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔

زلمی کی اننگ

پشاور زلمی کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے اہم مرحلے میں متاثر کن ہدف دینے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر زلمی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 157 رنز بنا سکی۔

زلمی اوپنرز کامران اکمل اور تمیم اقبال کھیل کا آغاز کرنے میدان میں آئے۔ پہلے اوور میں نو رنز کے مجموعی اسکور پر بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔

کچھ دیر بعد میچ کا آغاز کیا گیا تو اوپنر کامران اکمل ٹوٹل اسکور میں حصہ ڈالے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ کامران اکمل کی بیلز راحت علی نے اڑائی۔

زلمی کی دوسری وکٹ دس کے مجموعی اسکور پر گری۔ تیسرے نمبر پر کھیلنے میدان میں آئے آندرے فلیچر ایک رن بنا کر میر حمزہ کی گیند پر تھیسارا پریرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد حفیظ میدان میں آئے تو اوپنر تمیم اقبال کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں اضافہ کرنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں نے 44 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

تیسری وکٹ 54 کے ٹوٹل اسکور پر محمد حفیظ کی گری۔ انہوں نے 14 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 25 رنز بٹورے۔ حفیظ، محمود اللہ کی گیند پر اسٹمپ آوٹ ہوئے۔

حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد تمیم اقبال بھی کریز پر زیادہ دیر ٹک نہ پائے اور 58 کے ٹوٹل پر 27 رنز سمیٹ کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں محمد نواز کی گیند پر کیڈ مور نے کیچ کیا۔

سعد نسیم آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 86 تھا۔ آل راؤنڈر بلے باز صرف نو رنز بنا کر حسن خان کی گیند کا شکار بن گئے۔

زلمی کی امیدوں کا مرکز ڈیرن سیمی میدان میں آئے تو توقع تھی کہ دفاعی چیمپئنز اسکور کو اچھے ٹوٹل کی جانب لے جانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

کپتان بلے باز پانچ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سیمی کوئی بھی بڑا شاٹ نہ کھیل سکے۔

لیام ڈاؤسن نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور میں بڑا حصہ ڈالا۔ ڈاؤسن 35 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 62 رنز بنا کر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے۔

کوئٹہ کی جانب سے راحت علی نے چار کھلاڑیوں کو میدان سے باہر کی راہ دکھائی۔

اگلا میچ

پشاور زلمی کا اگلا میچ کراچی کنگز کے ساتھ  21 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔ کل کے میچ میں فائنل کھیلنے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔


متعلقہ خبریں