پیپلزپارٹی کشمیر کی محافظ رہی ہے اور رہے گی، بلاول



اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری نے کہا کہ ان کی جماعت روز اول سے کشمیر کی محافظ رہی اور مستقبل میں بھی اس خطے کی حفاظت کرتی رہے گی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے52 ویں یوم تاسیس پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ذولفقارعلی بھٹو کشمیریوں کے سفیر تھے۔ پوری دنیا کو بتادیں ہمیں کشمیر پر سودا نامنظور ہے۔

بلاول نے کہا کہ پی پی پی نے مسئلہ کشمیر پر صف اول کا کردار ادا کیا، ہر کشمیری کو پتہ ہے کہ بھٹو کا کردار کشمیر پر نمایاں رہا ہے، کاغذات پھاڑ کر بھٹو اٹھ کر چلا گیا مگر کشمیر پر سودا نہیں کیا۔ بھٹو شہید نے کشمیریوں کے رائے شماری کی تحریک چلائی۔

پیپلزپارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کشمیر پر جو حملہ اب کیا گیا وہ 72 سالوں میں نہیں ہوا، پہلی دفعہ کشمیر کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کشمیر 118 دنوں سے کھلی جیل بنا ہوا ہے وہاں مواصلات کا نظام بند ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ہونے والے ان مظالم پر پیپلزپارٹی خاموش نہیں رہ سکتی، ہم امن چاہتے ہیں مگر کشمیریوں پر سودا نہیں کریں گے۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پیپلزپارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ آج سیاست کا محور نظریات نہیں بلکہ مخالفین پر کیچڑ اچھالنا، عوام کو سبز باغ دکھانا اور امپائر کو خوش کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سوشل ڈیموکریسی کے اصولوں کو اپنانا ہوگا، مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر شہری کو دینا ہوں گی۔ اگر ہم نے معاشی ترقی کے لیے فیصلے نہ کیے تو شاید ہم کبھی آئی ایم ایف سے آزاد نہیں ہوسکیں گے اور بیرون طاقتیں ہمیں اپنے مفادات کے لیے استعمال کرتی رہیں گی۔

بلاول نے کہا کہ اس نالائق حکومت نے سی پیک کو ہی متنازعہ بنادیا لیکن ہم کسی صورت سی پیک پر یوٹرن نہیں لینے دیں گے، یہ حکومت ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔

یوم تاسیس کے موقع پر مظفرآباد کے یونیورسٹی گراؤنڈ میں جلسہ ہوا جس میں سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی مرکزی قیادت نے شرکت کی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو بی بی کی برسی اسی جگہ منائی جائے گی جہاں وہ شہید ہوئی، ہم 27 دسمبر کو وہ علم پھر اٹھائے گے جہاں سے وہ علم گرا تھا۔

سندھ سے سید قائم علی شاہ، شیری رحمان، نثار کھوڑو، منظور وسان، نفیسہ شاہ اور فیصل کریم کنڈی بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

پارٹی ترجمان کے مطابق آزاد کشمیر کے کونے کونے سے عوام کے قافلے مظفرآباد پہنچےتھے۔

جلسہ گاہ اور اطراف سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں جب کہ داخلے کے لیے واک تھرو گیٹ بھی نصب کیے گئے ہیں۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بانی پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان کے ساتھی کارکنان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے آغاز سے اب تک پاکستان کی واحد عوامی نمائندہ پارٹی ہے اور پیپلز پارٹی عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی میں یقین رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس آئین کی موجودہ حکومت تشریح نہیں کر سکتی وہ پیپلز پارٹی نے دیا ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کو بحران سے نکالا ہے، اور نکالتے رہی گی۔ جمہوریت اور آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گے۔


متعلقہ خبریں