شہباز شریف نے کارکنان کو ایئرپورٹ آنے سے روک دیا: نوافل اور دعاؤں کی درخواست

شہباز شریف نے کارکنان کو ایئرپورٹ آنے سے روک دیا: نوافل اور دعاؤں کی درخواست

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے پارٹی کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو رخصت کرنے کے لیے ایئرپورٹ نہ آئیں۔ انہوں نے کارکنان سے کہا ہے کہ وہ گھروں پہ رہ کر نوافل ادا کریں اور پارٹی قائد کی مکمل اور فوری صحتیابی کی دعائیں کریں۔

ہم نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے پی ایم ایل (ن) کے کارکنان کے نام جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کی دل سے خدمت کی ہے اور عوام سے محبت کی ہے۔

انہوں نے پارٹی کارکنان اور عوام سے اپیل کی ہے کہ آج پارٹی قائد کو آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے اور وہ دعاؤں کی بدولت ہی صحتیاب ہوں گے۔

ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پارٹی کارکنان کے نام جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دعاؤں میں وہ اثر ہوتا ہے جو کسی دوا میں نہیں ہوتا ہے۔

طے شدہ پروگرام کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو آج قطر سے آنے والی ایئر ایمبولینس علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل سے لے کر برطانیہ کے لیے روانہ ہو جائے گی۔

پی ایم ایل (ن) کے قائد کے ہمراہ ان کے چھوٹے بھائی میاں شہباز شریف اور نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ہمراہ ہوں گے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے ایئرایمبولینس کی آمد کے حوالے سے درکار تمام انتظامات بھی مکمل کرلیے ہیں۔


متعلقہ خبریں