کراچی کے مختلف اضلاع میں تجاوزات کے خلاف آپریشن


کراچی: بلدیہ عظمی کراچی نے ہفتے کے روز شہر کے مختلف اضلاع میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے کھانے پینے کے اسٹال، پتھارے، ریڑھیاں، پنکچر کے ٹھیے اور گنے کی مشینیں ضبط کرلیں۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) انسداد تجاوزات سیل کے انچارج بشیر صدیقی کے مطابق ضلع جنوبی اور وسطی میں مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع غربی میں بھی  بھاری مشینری کے ساتھ تجاوزات کے خلاف کارروائی کر کے فٹ پاتھ  اور گرین بیلٹ پر بنے چبوترے، دیواریں اور جھونپٹرا اور ہوٹل مسمار کردیے گئے ہیں۔

بشیر صدیقی کے مطابق ضلع کورنگی میں ناصر جمپ کے قریب انسداد تجاوزات آپریشن کیا گیا  اور کے ایم سی کے عملے نے پتھارے اور کیبن ضبط کرلیے۔ شاہ فیصل نمبرایک اور تین میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی ڈپٹی کمشنر کی سطح کے افسروں نے کی۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔

یہ بھی پڑھیں: میئرکراچی، کے ایم سی اور دیگر ادارےفٹ پاتھوں پرتجاوزات فوری  ختم کرائیں، عدالت

دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے عمارتوں میں پارکنگ ایریا کےغیرقانونی استعمال کے خلاف آپریشن کیا۔

ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں عمارتوں کی  پارکنگ کو گودام اور دکانوں میں تبدیل کردیا گیا تھا اور شہری سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور تھے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے رابی سینٹر، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، شادمان مال اور ٹیکسٹائل پلازہ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔


متعلقہ خبریں