کراچی:پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کو سابق ٹیسٹ کرکٹراقبال قاسم اورتوصیف احمد نے سیکیورٹی اداروں اورپی سی بی کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔۔
سینئیر کرکٹرز کے خیال میں ہوم کراؤڈ اورہوم کنڈیشنز میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ ٹیسٹ کرکٹر محمد سمیع کہتے ہیں اپنے لوگوں اور ہوم کراؤڈ کے سامنے ٹیسٹ میچ کھیلنے کی ہر کرکٹر کی خواہش ہوتی ہے۔
انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں ،ون ڈے کرکٹ کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹ کا انعقاد پاکستان میں ہونے جارہا ہے۔سری لنکا کی کرکٹ ٹیم دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
بنگلور ٹیسٹ کے ہیرو سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم نے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کو سییکیورٹی اداروؓ ور پی سی بی کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کہا ہے کہ سری لنکا کے اس دورے کے بعد اور بھی ٹیمیں پاکستان آئیں گی، انہوں نے کراچی کی عوام کو ٹیسٹ میچ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔
ٹیسٹ کرکٹر محمد سمیع کا کہنا ہے کہ اپنے لوگوں کے سامنے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہر کرکٹر کا خواب ہے۔امید ہے پاک سری لنکا سیریز میں شائقین کرکٹ کو اچھی تفریح کا موقع ملے گا۔
پاکستان اورسری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا،جبکہدوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے۔
چیف ایگزیکٹو سری لنکا کرکٹ ایشلے ڈی سلوا کے مطابق ہم ایک بار پھر دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے پاکستان کی کنڈیشنز سازگار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں مقابلہ سخت ہو گا اور شائقین کو سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نےٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم بھیجنے پر سری لنکن بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری کرکٹ کے لیے ایک شاندار خبر اور اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سری لنکن ٹیم نے پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی 20 سیریز میں بھی حصہ لیا تھا۔