لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کے چہرے پر ایک بدترین داغ ہے۔
جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر منصورہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے آر ایس ایس ٹولے کے ناپاک ارادوں کی حوصلہ افزائی کی۔ بھارت کی متعصب مودی حکومت ہندوتوا کے نظریے پر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام اقلیتوں کے حقوق غصب کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابری مسجد صدیوں پہلے سے قائم تھی لیکن تعصب سے اندھے آر ایس ایس ٹولے نے اسے شہید کر دیا اور آج تین دہائیوں کے انتظار کے بعد بھارتی سپریم کورٹ کا جاری ہونے والے تباہ کن فیصلہ ناپاک ارادوں کی حوصلہ افزائی ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عالمی برادری، امت مسلمہ، انسانی حقوق اور مذہبی رواداری کا اعلان کرنے والی عالمی تنظیمیں اس کھلی بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لیں۔
یہ بھی پڑھیں مولانا فضل الرحمان خالی ہاتھ واپس نہیں جائیں گے، سینئر صحافی
انہوں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ظلم اور بھارتی تعصب کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔