گجرات میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو لینڈنگ کی اجازت نہیں ملی


لاہور: پنجاب کے ضلع گجرات میں انتظامیہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو چاردیواری میں اترنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شعیب صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ  چیئرمین تحریک انصاف نے منگل کو گجرات کے دورے پر آنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ پنجاب حکومت نے عمران خان کی سیکیورٹی کے حوالے سے الرٹ جاری کررکھا ہے۔

شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی سلامتی اور حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں ہے۔ ڈپٹی کمشنر ( ڈی سی ) گجرات محمد علی رندھاوا روڑے اٹکانے کے بجائے اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔ وہ سیاسی شرارتوں کا حصہ دار بننے کے بجائے اپنے منصب کا احساس کریں۔

شعیب صدیقی نے واضح کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے دورے کے دوران کسی قسم کی شرارت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈی سی گجرات اور پنجاب حکومت کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے ذمہ دار ہوں گے۔

ڈپٹی کمشنر گجرات نے واضح کیا کہ چار دیواری کے اندر ہیلی کاپٹی اترنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 13 مارچ کو گجرات کا دورہ کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔ وہ گجرات میں عوامی رابطہ مہم اور ممبر شپ کے سلسلے میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔


متعلقہ خبریں